• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوئنکل نے سیف کو مارنے کی کوشش میں خود کو زخمی کرنے کا واقعہ سنادیا

فائل فوٹو: بشکریہ سوشل میڈیا۔
فائل فوٹو: بشکریہ سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ اور اکشے کمار کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ نے کافی عرصہ قبل فلموں میں کام کرنا چھوڑ دیا لیکن فلمی دنیا کے حوالے سے بعض واقعات ایسے ہیں جو انہیں اب بھی یاد ہیں۔ 

واضح رہے کہ ٹوئنکل کھنہ نے 1995 میں فلم برسات سے اپنی فلمی کیریئر کا آغاز کیا، جس کے بعد انہوں نے 2000 تک متعدد فلمیں کیں جن میں میلہ، دل تیرا دیوانہ، جورو کا غلام اور جب پیار کسی سے ہوتا ہے جیسی ہٹ فلمیں بھی شامل ہیں۔ 

بالی ووڈ کی آئیکونک اداکارہ  شرمیلا ٹیگور کے ساتھ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے ایک پُرمزاح واقعہ کا تذکرہ جس میں بتایا کہ انہوں نے سیف علی خان کو ایک سین کے دوران کک مارنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں سیف کو تو کچھ نہیں ہوا البتہ وہ خود زخمی ہوئیں۔ 

عہد ساز اداکار راجیش کھنہ اور اداکارہ ڈمپل کپاڈیہ کی بیٹی ٹوئنکل کا کہنا تھا کہ میں اور سیف فلم کی شوٹنگ کے لیے ریہرسل کر رہے تھے اس دوران سیف جو بہت زیادہ محنت کر رہے تھے بار بار پریکٹس سے تھکان کا شکار تھے جس پر میں نے انہیں مذاق میں کک مارنے کی کوشش کی۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ٹوئنکل کھنہ کا کہنا تھا کہ سیف نے تو تیزی سے خود کو بچالیا لیکن میری ٹانگ ایک لوہے کی راڈ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں میں زخمی ہوگئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے تو سیف مذاق کرتے رہے لیکن پھر جب انہیں اندازہ ہوا کہ میں زخمی ہوں تو وہ مجھے اسپتال لے کر گئے۔

ٹوئنکل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس زمانے میں کیونکہ ہم نوآموز تھے تو اس لیے آپس میں کافی لڑتے جھگڑتے تھے۔

یاد رہے کہ سیف علی خان اور ٹوئنکل نے فلم لوو کے لیے کچھ بھی کریگا (2001)، یہ ہے ممبئی میری جان (1999) اور دل تیرا دیوانہ (1996) میں ایک ساتھ کام کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید