• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دل کر رہا ہے کہ وزیراعلیٰ بہار کے کان کے نیچے 2 لگاؤں: ثناء خان کا حجاب تنازع پر ردعمل

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اسلام کی خاطر فلموں سے کنارہ کشی کرنے والی بالی ووڈ کی سابق اداکارہ ثناء خان نے بھارتی مسلم خاتون کا نقاب کھیجنے کے واقعے اور بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خلاف آواز اُٹھا دی۔

ان کا کہنا تھا کہ حقوق نسواں کی تنظیموں کو دیکھ کر شرم آتی ہے جو اس کے خلاف آواز نہیں اُٹھا رہیں۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے ویڈیو دیکھ کر اس قدر غصہ آرہا تھا کہ دل کر رہا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے کان کے نیچے 2 لگاؤں۔

انہوں نے کہا کہ کیا ان کے گھر میں ماں بہن نہیں ہیں؟ شیم لیس۔ مجھے لگتا ہے کہ وزیر اعلیٰ بہار کو عوامی سطح پر معافی مانگنی چاہیے۔ مجھے حیرانی ہو رہی ہے کہ کوئی اس کے بارے میں بات ہی نہیں کر رہا ہے۔

ثناء خان کا کہنا ہے کہ مجھے اس قدر غصہ آرہا ہے، میری جگہ کوئی بھی ہوتا اس کو بھی اتنا ہی غصہ آتا، آج وہ خاتون تھی کل کو کوئی اور بھی ہوسکتی ہے، اگر ہم آج اس کے خلاف بات نہیں کریں گے تو یہ چیزیں کل کو ہمارے گھر تک پہنچ جائیں گی اور ہمیں پتہ بھی نہیں چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب ایسی چیزیں دیکھتے ہیں تو خوف کا ماحول پیدا ہوتا ہے، چاہیے کوئی بھی ہو اسے خوف آئے گا، یہ صرف حجابی خاتون کی بات نہیں ہے، اس طرح کے واقعات لڑکیوں کو ہراساں کرنے کے واقعات کی بنیاد بنتے ہیں۔

سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں لڑکیوں کو چھیڑنے کے واقعات اسی لیے بڑھ رہے ہیں جب نتیش کمار  جیسے لوگ اسٹیج پر ایسی حرکتیں کریں گے تو دوسروں کو بڑھاوا ملے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امید کرتی ہوں کہ جتنی بھی تنظیمیں ہیں جو خواتین کے حقوق کے لیے آواز اُٹھاتی ہیں، وہ اس پر بات کریں۔ احتجاج کریں اور وزیر اعلیٰ سے معافی کا مطالبہ کریں۔ عزت تو عزت ہے، ہر ایک کی عزت برابر ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید