ہنگو میں دوآبہ تھانا اور مسجد میں خودکش دھماکوں سے متعلق تفتیشی اور حساس اداروں نے رپورٹ تیار کرلی۔
رپورٹ کے مطابق خودکش حملہ آوروں کے فنگر پرنٹس کے نمونے نادرا کے پاس میچ نہ ہو سکے، حملہ آور غیر ملکی ہیں، دھماکوں میں کالعدم تنظیم ملوث ہے، دھماکا پولیس اسٹیشن دوآبہ کے مین گیٹ اور قریب واقع مسجد میں ہوا۔
مین گیٹ پر جلی ہوئی لاش اور جلی ہوئی موٹرسائیکل بھی ملی، دونوں خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر تھانے کے مین گیٹ کے قریب پہنچے، پہلے سے موجود پولیس اہلکار نے موٹرسائیکل سواروں کی مشکوک حرکات دیکھ لیں، پولیس اہلکار نے حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش کی۔
تفتیشی رپورٹ کے مطابق موٹرسائیکل چلانے والے حملہ آور نے جیکٹ نہیں پہن رکھی تھی، موٹرسائیکل کی سیٹ میں دھماکا خیز مواد نصب تھا، حملہ آوروں نے موٹرسائیکل کے انجن اور چیسز نمبر مٹا دیے تھے، دھماکے سے قبل 40 سے50 تک نمازی مسجد کے اندر موجود تھے۔