بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستانی کمیونٹی کے زیرِ اہتمام جامعہ اسلامیہ مولن بیک برسلز میں محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک، نعتوں اور تقاریر سے کیا گیا۔
تقریب میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ سمیت پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، مذہبی اسکالرز، جامعہ کے طلباء اور سفارت خانے کے حکام نے بھرپور شرکت کی۔
محفلِ میلاد کی اس تقریب میں علمائے کرام نے اپنے خطابات میں سیرت النبیﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور امتِ مسلمہ کی خیر خواہی کے لیے دعائیں کیں۔
اس موقع پر سفیرِ پاکستان آمنہ بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی پوری زندگی ہم سب کے لیے بہترین نمونہ ہے، ہم حضرت محمد ﷺ کی رواداری، امن، ہمدردی، استقامت، عاجزی، دیانت اور سخاوت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں یکساں مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور رسولﷺ کی پیاری بیٹی بی بی فاطمہؓ کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے، ان کے سماجی انصاف، ہمدردی اور علم کے لیے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔
آمنہ بلوچ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بی بی فاطمہؓ نے مسلم خواتین کے لیے ایک غیر معمولی رول ماڈل کے طور پر کام کیا، جو طاقت، لچک اور خاندان اور برادری کے لیے لگن کی مثال ہے۔
انہوں نے پیغمبر اسلامﷺ کی زوجہ محترمہ حضرت بی بی عائشہؓ کی حیاتِ طیبہ پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ حضرت عائشہؓ کی بے مثال ذہانت، اسلامی تعلیمات کے بارے میں ان کی گہری سمجھ، دنیا بھر کے مسلمانوں کی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔
سفیرِ پاکستان آمنہ بلوچ نے زور دے کر کہا کہ ان شاندار مثالوں پر عمل پیرا ہو کر ہم خواتین کی بے پناہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکتے ہیں اور انہیں معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے قابل بنا سکتے ہیں۔
آخر میں سفیرِ پاکستان نے تقریب میں شریک خواتین و حضرات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ صنفی مساوات کو فروغ دیں، معیاری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنائیں اور ایسا ماحول بنائیں جو خواتین کی ترقی کے لیے انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے کو فروغ دے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام میں خواتین کے بااثر کردار کو تسلیم کرتے ہوئے، ہم اجتماعی طور پر ایک زیادہ مساوی اور جامع معاشرے کے لیے کام کر سکتے ہیں۔
سفیرِ پاکستان آمنہ بلوچ نے جامعہ اسلامیہ مولن بیک میں کامیابی سے کورس مکمل کرنے والے طلباء میں انعامات اور اسناد بھی تقسیم کیں۔