وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے شعبۂ امیگریشن نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ضیاء اللّٰہ نامی مسافر پرواز نمبر QR611 سے اٹلی جا رہا تھا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے، اس کا تعلق مہمند ایجنسی سے ہے۔
مسافر کی جانب سے پیش کیا جانے والا اٹلی کا ریزیڈنٹ کارڈ جعلی نکلا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے مذکورہ کارڈ ایجنٹ سے 12 لاکھ روپے کے عوض حاصل کیا تھا۔
مسافر کو بعدازاں مزید تفتیش اور ایجنٹ کی نشاندہی کے حوالے سے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔