• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرے بڑے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ پر روزانہ 50پروازیں

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کے تیسرے بڑے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ اسلام آباد پر روزانہ 50کے قریب پروازوں سے لگ بھگ 13ہزار مسافر اندرون و بیرون ملک سفر کرتے ہیں، دنیا کے تمام ائرپورٹس پر ہر وقت جہازوں کی آمدورفت کی وجہ سے ہلچل رہتی ہے۔ بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پاکستان کا دارالحکومت ہونے کے باعث 24گھنٹے مسافروں کی آمدورفت جاری رہتی ہے۔ قائداعظم انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لاہور کے بعد بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ اس وقت پاکستان کا تیسرا بڑا ائرپورٹ ہے، بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ پر تقریباً 11 مختلف ادارے  اپنے امور سرانجام دے رہے ہیں جن میں امیگریشن، نادرا، ایف آئی اے، کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس، ایف بی آر، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، اے ایس ایف، بیورو آف امیگریشن، او پی ایف اور وفاقی ادارہ برائے مذہبی امور شامل ہیں۔ بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ سے اندرون اور بیرون ملک پروازوں کیلئے تین قومی ائرلائنز پی آئی اے شاہین ائیر، ائربلیو کے علاوہ 13غیرملکی ائرلائنز آپریشنل ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ پر مسافروں کی مشکلات کے ازالہ کیلئے شکایات سیل قائم کیا گیا ہے اور مسافروں کی سہولت کیلئے کمپلینٹ باکس بنائے گئے ہیں جو مختلف مقامات پر رکھے گئے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ویب سائٹ پر شکایت موصول ہونے پر اس شکایت کو ٹریکنگ نمبر دے دیا جاتا ہے تب یہ شکایت متعلقہ ادارے کو فراہم کر دی جاتی ہے‘ چاہے یہ شکایت ائرلائن یا کسی ایجنسی کے متعلقہ ہو اور شکایت کرنے والے مسافر کو 48گھنٹے کے اندر اندر اس شکایت پر جواب ارسال کر دیا جاتا ہے۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ماہانہ 60شکایات درج کی جاتی ہیں، بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ انتظامیہ نے سکیورٹی کے حوالے سے بھی فول پروف انتظامات کئے  ہیں۔  
تازہ ترین