لاہور ہائی کورٹ نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ کیس کی ملزمہ خدیجہ شاہ کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کے دوران تھانہ گلبرگ اور سرور روڈ کے تفتیشی افسران کو نوٹس جاری کر دیے۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ملزمہ خدیجہ شاہ کے خلاف جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور حملہ کیس میں درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل اور درخواست گزار کی جانب سے وکلاء پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کا اپنے مؤقف میں کہنا تھا کہ پولیس نے انسدادِ دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت 2 مقدمات درج کیے، ٹرائل عدالت نے ٹھوس شواہد پیش نہ کرنے کے باوجود ضمانت بعد از گرفتاری خارج کی۔
درخواست گزار کی جانب سے سماعت کے دوران عدالت سے استدعا کی گئی کہ ہائی کورٹ ملزمہ کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر ریکارڈ اور فریقین کے وکلاء کی تیاری ہونی چایے، آئندہ سماعت پر کیس کے التواء کی استدعا نہیں مانی جائے گی۔
بعد ازاں عدالت نے خدیجہ شاہ کی جناح ہاؤس کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت 10 اکتوبر تک جبکہ عسکری ٹاور حملہ کیس میں درخواستِ ضمانت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔