بھارتی ریاست سِکم میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد بارش اور سیلاب کے بعد مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 14ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شمالی سکم کی لوناک جھیل پر بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں دریائے ٹیسٹا میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا اور سیلابی صورتِ حال پیدا ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چین کی سرحد کے ساتھ علاقے میں شدید بارش ہوئی، جس کے باعث بھارتی فوج کی کچھ تنصیبات بھی متاثر ہوئیں۔
حکام کے مطابق سیلاب کے باعث 22 بھارتی فوجی اہلکار سمیت 102 افراد لاپتہ جبکہ 26 افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق بھارتی ریاست سِکم میں لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق سڑکیں سیلاب میں بہہ جانے کی وجہ سے ریسکیو کے عمل میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مزید بارشوں سے سکم اور پڑوسی ریاستوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پروازیں متاثر ہونے کاخدشہ ہے۔