کراچی میں شہری کو لوٹنے والے 5 پولیس اہلکاروں کے خلاف سچل تھانے میں مقدمہ درج کرکے 2 کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 3 فرار ہوگئے۔
سچل پولیس نے نجی بینک کے منیجر سے لوٹ مار کرنے والے 5 اہلکاروں کے خلاف سچل تھانے میں ڈکیتی کا مقدمہ درج کرکے 2 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔
مدعی نے پولیس کو بتایا کہ گذشتہ روز نجی بینک کا منیجر اپنی ساتھی کے ہمراہ ملیر کینٹ سڑک سے گزر رہا تھا کہ پانچ اہلکاروں سرمند سندھی، عبدالرحمان، ممتاز، شاہ مقصود اور محمد زبیر نے انہیں روکا اور سنسان جگہ پر لے گئے، تلاشی کے دوران گالم گلوچ بھی کی۔
انہوں نے جنید سے موبائل فون، 6 ہزار روپے اور گاڑی میں موجود پرفیوم کی بوتلیں چھین لیں جس پر اس نے کہا کہ اس موبائل فون میں ڈیٹا موجود ہے تو انہوں نے موبائل فون واپس کردیا اور مذکورہ سامان لے کر فرار ہوگئے۔
مدعی نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے رابطہ کیا اور تھانے آکر مقدمہ درج کروا دیا۔ جس کے بعد 2 اہلکاروں عبدالرحمان اور زبیر کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 3 فرار ہوگئے۔