• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی واپسی کے اعلان پر پروپیگنڈا ہو رہا ہے: عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری----فائل فوٹو
مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری----فائل فوٹو

 مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے بتایا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف 21 اکتوبر کو آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، بد قسمتی سے آج ان کی وطن واپسی کے اعلان پر پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے دورِ حکومت میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا، ان کے دور میں ہی دہشت گردی کا قلع قمع کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف دور میں بیرونی سرمایہ کاری نے پاکستان کا رخ کیا، اسی دور میں ہی سی پیک کا لینڈ مارک پروگرام شروع ہوا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے اعلان پر ایک جماعت منفی باتیں کر رہی ہے، آج پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ وہ وطن واپس نہیں آ رہے، شہباز شریف واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف ان شاء اللّٰہ ضرور واپس آئیں گے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کا اعلان پاکستان اور قوم کے لیے اُمید کا پیغام ہے، 21 اکتوبر ملکی خوش حالی اور ترقی کا دن ثابت ہو گا، 16 مہینے میں پاکستان کو سری لنکا نہیں بننے دیا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہباز شریف کے انتخابی حلقے کے دورے کے دوران 2 گروپوں کے درمیان تنازع تھا، دونوں گروپ ایک مقامی مسئلے پر ایک دوسرے کے ساتھ جھگڑ رہے تھے۔

قومی خبریں سے مزید