پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے چیئرمین پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ اپنی پارٹی چلا رہا ہوں کسی کو توڑنے جوڑنے کے لیے نہیں آیا۔
مسلم لیگ ق کےصوبائی صدر علامہ محمد شعیب ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز میں شامل ہوگئے۔
اس موقع پرچیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین پرویز خٹک نے کہا کہ علماء کو پارٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں، ہم نے علماء کرام کے لیے وظیفہ بھی مقرر کیا تھا، مساجد میں سولر سسٹم کا آغاز ہم نے کیا تھا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ صوبہ بھر میں 40 فیصد مساجد کو سولرائز کیا گیا تھا، علماء ہماری جماعت کا اہم حصہ ہیں، ان کے ساتھ مل کر دین کی خدمت کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین نے کہا کہ کرسی نہیں بہتری چاہتا ہوں تاکہ عوام کو فائدہ پہنچا سکوں، نظام ٹھیک کرنا اور اصلاحات لانا چاہتے ہیں، امن ہماری پارٹی کا نعرہ ہے، قوم سے جھوٹے وعدے نہیں کریں گے۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ جو کہیں گے وہی کریں گے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے الیکشن کمیشن کو اختیار دیا اب ڈرامے کر رہے ہیں۔