جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ دنیا سمجھ رہی تھی مسئلہ فلسطین مردہ ہو چکا ہے۔
فلسطین، اسرائیل صورتحال پر اسلام آباد سے جاری بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ فلسطینیوں کے موقف کو درست سمجھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی تسلسل کے ساتھ فلسطینیوں کے موقف کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے، ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ فلسطینی مجاہدین کا اسرائیل پر حملہ تاریخی کامیابی اور معرکہ ہے، جنہوں نے اپنے علاقے اسرائیلی غاصبانہ قبضے سے چھڑائے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، دنیا سمجھ رہی تھی مسئلہ فلسطین مردہ ہو چکا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ تازہ واقعے نے ثابت کیا کہ مسئلہ فلسطین مردہ نہیں ہوا بلکہ اس کی اہمیت آسمانوں کو چھو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں ایک طبقے نے اسرائیل کو تسلیم کرانے کی ناکام کوشش کی، اس حملے نے اسرائیل کے دفاعی نظام اور ان کے گھمنڈ کو زمین بوس کردیا ہے۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہیے اسرائیل کوئی بڑی قوت نہیں بلکہ اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔