جناح ٹرمینل ایئر پورٹ پر بیک وقت 2 طیاروں کی ٹیکنیکل اور میڈیکل ایمرجنسی بنیاد پر لینڈنگ کروا لی گئی۔
ذرائع کے مطابق مسقط سے اسلام آباد کی ایئر لائن کے طیارے میں دوران پرواز مسافر کی طبیعت خراب ہو گئی، جس پر پائلٹ نے کراچی کنٹرول ٹاور سے جہاز اتار نے کی اجازت طلب کی۔
ایئر لائن ذرائع کے مطابق پرواز کی لینڈنگ کے بعد مسافر کو طبی امداد دی گئی، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا، جاں بحق ہونے والے مسافر بشارت کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے باغ سے ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیکنیکل بنیاد پر دوسری لینڈنگ نجی ایئر لائن کے طیارے کی ہوئی ہے، پرواز 131 نے کراچی ایئرپورٹ سے استنبول کے لیے اڑان بھری تھی، اڑان کے تھوڑی دیر بعد پرواز میں فنی خرابی پیدا ہوئی جس کے باعث اسے واپس اتار لیا گیا۔