جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے رہنما حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے آمریت کو سمندر برد کردیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں حافظ حمد اللّٰہ، پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو اور ن لیگی سینیٹر مصدق ملک نے اظہار خیال کیا۔
جے یو آئی رہنما نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے پارلیمنٹ کی بالادستی ثابت ہوئی، اب جاکر پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں ٹکراؤ کا خاتمہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کو ایک پارٹی یا ایک شخص تک محدود رکھنا نامناسب ہے، یہ کہنا بھی ٹھیک نہیں مولانا فضل الرحمان کو وزیراعظم بناؤ معیشت ٹھیک ہو جائے گی۔ اس حوالے سے ایک جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
حافظ حمد اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف سینئر لیڈر ہیں، اُن کی بصیرت سے ملک کو فائدہ ہوسکتا ہے۔