• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے این ایف کی کارروائیاں، 88 کلو منشیات برآمد، 9 ملزمان گرفتار

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف 7 مختلف کارروائیوں کے دوران 88 کلو سے زائد منشیات برآمد کر کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر گاڑی سے 15 کلو 600 گرام چرس برآمد ہوئی، جسے گاڑی میں بنائے گئے خُفیہ خانوں سے برآمد کیا گیا، دورانِ کارروائی چارسدہ کے رہائشی 2 ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد پر موٹر سائیکل سوار مُلزم کو خاتون سمیت گرفتار کر لیا گیا، دورانِ کارروائی خاتون کے پرس اور موٹر سائیکل کی سیٹ میں چھپائی گئی منشیات برآمد کی گئی، برآمد کی گئی منشیات میں 2 کلو 200 گرام چرس، 500 گرام افیون اور 1 کلو آئس شامل ہے۔

ایک کارروائی میں باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 87 آئس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے، خیبر کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر QR-601 کے ذریعے قطر کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔

اے این ایف کی جمرود خیبر میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسلحے سمیت خیبر کے رہائشی 2 ملزمان گرفتار کر لیے گئے، گرفتار ملزمان کے گھر سے 5 کلو ہیروئن، 200 گرام آئس اور 50 نشہ آور (ایکسٹیسی) گولیاں برآمد کی گئی۔

کوئٹہ میں کارروائی کے دوران پک اپ سے 62 کلو گرام چرس برآمد ہوئی، چرس پک اپ کے فرش میں بنائے گئے خُفیہ خانے سے برآمد کی گئی۔

ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مذید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید