بالی ووڈ انڈسٹری کے اداکار ابھیشیک بچن نے ساتھی فنکار معروف اداکار سنجے دت عرف سنجو بابا سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے لیٹ کر نہیں بلکہ بیٹھ کر سوتے ہیں۔
سنجو بابا نے اپنے ساتھی فنکاروں اجے دیوگن اور ابھیشیک بچن کے ہمراہ میزبان ساجد خان اور رتیش دیش مکھ کے شو میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے فلمی کیریئر اور نجی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر دلچسپ بات چیت کی۔
دوران گفتگو ابھیشیک بچن نے انکشاف کیا کہ سنجے دت کبھی بھی لیٹ کر نہیں سوتے بلکہ یہ بیٹھ کر سوتے ہیں۔
اداکار کی بات سن کر دونوں میزبان اور حاظرین دنگ رہ گئے، جب سنجے دت نے اس عادت سے جڑا دردناک واقعہ سنایا تو شو میں خاموشی چھا گئی۔
سنجے دت نے قصہ سناتے ہوئے کہا کہ دورانِ قید جب تیز بارش ہوتی تھی تو جس جیل میں قید تھا، وہاں گُھٹنوں سے اوپر تک پانی بھر جاتا تھا اور اسی پانی کے اندر سونا پڑتا تھا، اس لیے اس طرح سونے کی عادت ہو گئی اور اب تک یہ عادت نہیں چھوٹی۔
سنجے دت کی دکھ بھری کہانی سننے کے بعد میزبان ساجد خان نے انکشاف کیا کہ جس دن انہیں سزا سنائی گئی اس دن اجے اور وہ ایک ساتھ بینگلور میں تھے، جیسے ہی عدالت کا فیصلہ آیا کہ سنجے دت کو سزا ہو گئی ہے، یہ خبر سن کر اجے دیوگن نے ایک بچے کی طرح رونا شروع کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ سنجے دت کو غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے جرم میں 21 مارچ 2013ء کو بھارت کی سپریم کورٹ نے 5 برس قید کی سزا سنائی تھی۔