مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام جمہوریت پسند ہیں، پنجاب کی طرح سندھ کو بھی ترقی کا تحفہ دیں گے۔
سانگھڑ میں ن لیگ ورکرز کنونش میں ویڈیو لنک خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ معیشت تباہ کرنے والے، مہنگائی لانے والے، دہشت گردی واپس لانے والے چلے گئے، معیشت کو ترقی دینے والا، مہنگائی سے نجات دینے والا دہشت گردی ختم کرنے والا نواز شریف واپس آرہا ہے، نوازشریف ہی پاکستان کی معاشی شہ رگ کو محفوظ بناسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشیر میمن نے سندھ کے شیروں کو جمع کردیا ہے، پنجاب کی طرح سندھ کے شیروں میں بھی بڑا جوش و خروش ہے۔
ن لیگی چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ مجھے آج پنجاب سے زیادہ سندھ میں جوش خروش نظر آرہا ہے، اس صوبے کے لوگ بھی سمجھتے ہیں کہ نواز شریف ہی پاکستان کی امید ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا دل دکھتا ہے جب سندھ ترقی میں پنجاب سے پیچھے ہوتا ہے، نواز شریف نے پہلے بھی سندھ کے لوگوں کو ڈاکوؤں سے بچایا تھا، کراچی سمیت سندھ بھر میں لوگ لٹتے رہے مگر نواز شریف نے ڈاکوؤں کا خاتمہ کیا۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ میری خواہش ہے سندھ کو ڈاکووں سے چھڑایا جائے، میٹرو اور اورنج لائن بسوں سمیت صحت اور سڑکیں صوبے کے عوام کا حق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ نواز شریف پر اعتماد کرتے ہیں تو ہم سندھ میں بھی حکومت بنائیں گے، اس مرتبہ سندھ میں بھی ہم میدان ماریں گے۔
ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ ملک اور سندھ میں ترقی اور خوشحالی نواز شریف لائیں گے، ملک سے مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرنے ن لیگی قائد آ رہے ہیں۔