مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جارحیت محض فلسطین پر نہیں، پوری انسانیت پر حملہ ہے۔
نواز شریف نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر گزشتہ ہفتے سے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ بچوں اور عورتوں سمیت ہزاروں معصوم شہریوں کی شہادت انسانی ضمیر کے لیے بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے لکھا ہے کہ دنیا کو جان لینا چاہیے کہ فلسطین کے مسئلے کے مستقل حل کے بغیر پائیدار امن ہمیشہ خطرے میں رہے گا۔
نواز شریف نے لکھا ہے کہ پاکستان آج بھی ہمیشہ کی طرح فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ حکومتِ پاکستان کو چاہیے کہ ہر عالمی فورم پر فلسطینی کاز کے حق میں آواز اٹھائے نیز مصیبت زدہ فلسطینی عوام کو خوراک، ادویات اور دیگر انسانی ضروریات کی فراہمی کے لیے فوری کارروائی کرے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے حملوں میں شہیدوں کی مجموعی تعداد 2750 ہو گئی اور 9 ہزار 700 سے زیادہ زخمی ہیں۔
اسرائیل فلسطینیوں کو بھوکا پیاسا مارنے پر تُل گیا، غزہ میں انسانی بحران شدید ہو گیا، جہاں پانی، غذا اور ادویات کی شدید قلت ہے۔