پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر نے کہا ہے کہ شخصیات نہیں نظریات اہم ہوتے ہیں، ہمارا مطالبہ جلد از جلد الیکشن ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں تاج حیدر، تحریک انصاف کے شعیب شاہین اور ن لیگ کے عطا تارڑ نے شرکت کی۔
پی پی سینیٹر کا کہنا تھا کہ پارٹیوں کو ٹوٹنا نہیں چاہیے، سیاسی جماعتوں میں فیصلے مشاورت سے ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ شخصیات اتنی اہم نہیں ہوتیں جتنے نظریات ہوتے ہیں، بہت سی پارٹیاں ایسی ہوتی ہیں جن کا کوئی نظریہ نہیں ہوتا۔
تاج حیدر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی مضبوط جماعت ہے، پارٹی کا نظریہ اور تنظیم اہم ہے، ہمارا مطالبہ یہی ہے کہ الیکشن جلد از جلد ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ قیادت یا سینئر لیڈر شپ سے لوگوں کو شکایات ضرور ہوتی ہیں، پارٹیوں میں جب فیصلے تھوپے جاتے ہیں تو لوگ پارٹیاں چھوڑنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔
پی پی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہم سینیٹ کا اجلاس نہیں بلا پارہے، اجلاس بلانےکی ریکوزیشن پر جواب آتا ہے کہ قیادت سے پوچھیں گے، مجھے بتایا جائے کہ قیادت سے پوچھنے میں کتنا وقت لگتا ہے؟