• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگراں وزیرِ اعظم کی دورۂ چین پر کینیا اور سری لنکا کے صدور سے ملاقاتیں

فوٹو بشکریہ انٹر نیٹ
فوٹو بشکریہ انٹر نیٹ 

نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کی دورۂ چین پر کینیا اور سرلنکا کے صدور سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

انوار الحق کاکڑ اور کینیا کے صدر ڈاکٹر ولیم روٹو کی بیجنگ میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ملاقات ہوئی۔

دونوں رہنماؤں کی پاکستان اور کینیا کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی.

دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور لوگوں کے روابط کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

نگراں وزیرِ اعظم اور صدر ڈاکڑ ولیم روٹو نے اقتصادی تعاون کو فروغ دے کر دونوں ممالک کے مابین تجارت کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر بھی اتفاق کیا۔

انوار الحق کاکڑ نے اس موقع پر کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو (Belt and Road Initiative) کا شراکتی رکن ہونے کے ناتے پاکستان اس منصوبے کے دوسرے رکن ممالک بشمول کینیا کے ساتھ مزید ترقیاتی منصوبوں و اقدامات پر تعاون کا خواہاں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی شراکتی ترقی کے لیے کوششوں اور خطے کی خوش حالی کے لیے تعاون کی خواہش کا مظہر ہے۔

 نگراں وزیرِ اعظم نےکینیا کے صدر سے پاکستانی صحافی ارشد شریف شہید کے قتل پر بننے والی خصوصی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کو اپنی رپورٹ کو جلد حتمی شکل دینے میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی۔ 

اُنہوں نے اپنے اس دورے پر سری لنکن صدر رانیل وکرما سنگھے سے بھی ملاقات کی۔

انوار الحق کاکڑ نے سری لنکن صدر رانیل وکرما سنگھے سے ملاقات میں دو طرفہ امور اور خطہ کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا۔

قومی خبریں سے مزید