ہنگری کے ایئر فورس کمانڈر بریگیڈیئر جنرل جوزف کولر نے وفد کے ہمراہ ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ سے کمانڈر ہنگری ایئر فورس نے ملاقات کی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں فضائی افواج کے درمیان تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے، مشترکہ تعاون، عسکری ٹیکنالوجی، تربیتی پروگراموں میں اشتراک کیلئے نئی راہیں استوار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا کہ پاکستان اور ہنگری کی فضائی افواج جلد ایک مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دیں گی، مفاہمتی یادداشت کے تحت پاک فضائیہ، ہنگری ایئرفورس کے لڑاکا پائلٹس کو تربیت فراہم کرے گی۔
پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے ایئر ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر بریگیڈیئر جنرل جوزف کولر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مہمان وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں قائم مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفرااسٹرکچر اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا بھی دورہ کیا۔