وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے زیرو تھیفٹ زیرو لوڈ شیڈنگ مردان انیشیٹو ’دی مردان ماڈل‘ کا افتتاح کر دیا۔
راشد محمود لنگڑیال نے دورۂ مردان پر پیسکو کےکسٹمر سروسز سینٹر کا افتتاح کیا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ مردان کو لوڈشیڈنگ فری اور ماڈل سٹی ڈکلیئر کرتا ہوں، شہر میں بجلی کی چوری پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے، صارفین اگر دوبارہ بجلی چوری کریں گے تو لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ دگنا ہو گا۔
وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن نے کہا کہ مردان پہلا شہر ہے جس نے ہمارے ٹارگٹ کو پورا کیا، بجلی چوری کرنے والوں اور ان کی معاونت کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ بجلی چوری میں بڑے پیمانے پر کمی میں کامیابی کے باعث ممکن ہوا، مردان میں بجلی چوری کی شرح 43 فیصد سے کم کر کے 13 فیصد پر لے آئے ہیں۔
راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ وصولی کی شرح 85 فیصد سے بڑھ کر 101 فیصد ہو گئی، مجموعی بجلی کے نقصانات 51 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ گئے۔
اُنہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں سیاسی اور دیگر اثر و رسوخ ختم کیا گیا ہے، بجلی چوری میں ملوث گٹھ جوڑ توڑا گیا اور عملے کو تبدیل کیا گیا۔
وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ وفاقی سطح پر بجلی چوری کی روک تھام کی سخت نگرانی کی گئی۔