پاکستان مسلم لیگ ن کے قافلے مینارِ پاکستان کے لیے روانہ ہونا شروع ہو گئے۔
حیدر آباد ریلوے اسٹیشن سے کارکنوں کی خصوصی ٹرین آج سہ پہر 3 بجے روانہ ہوئی۔
حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر کارکنوں کے لیے استقبالیہ کیمپ قائم کیا گیا تھا۔
مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی قیادت میں حیدر آباد سے کارکنوں کا قافلہ روانہ ہوا۔
ٹرین میں حیدر آباد، جامشورو، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہٰیار، میر پور خاص، مٹیاری و دیگر اضلاع کے کارکنان روانہ ہوئے۔
یہ خصوصی ٹرین شہداد پور، پڈ عیدن، روہڑی سے ہوتی ہوئی لاہور بادامی باغ پہنچے گی۔
ٹرین کے ذریعے جانے کے لیے حیدر آباد میں سجاول، میر پور خاص، تھر پارکر سمیت دیگر اضلاع کے قافلے ریلوے اسٹیشن پہنچے تھے۔
تھر پارکر کے قافلے کے شرکاء نے روایتی پگڑی باندھے شرکت کی اور ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص بھی کیا۔
حیدر آباد میں ریلوے اسٹیشن پر خواتین کارکنان بھی بڑی تعداد میں پہنچی تھیں جو لاہور روانہ ہوئی ہیں۔
مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی ریلوے اسٹیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب پاکستان کو سجانے اور سنوارنے آ رہے ہیں، میاں صاحب آئیں گے تو بھوک، بد حالی اور بد امنی ختم ہو گی۔
اُنہوں نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک کارکن اپنے قائد کا استقبال کرنے کے لیے جا رہے ہیں اور ہم نے کئی اضلاع کے کارکنوں کو کہا ہے کہ وہ سڑک کے ذریعے لاہور پہنچیں۔
شاہ محمد شاہ نے کہا کہ میاں صاحب پر پاناما کا کیس ڈالا گیا جو اقامہ نکلا اس کا سب کو پتہ ہے، پاکستان دلدل میں پھنسا ہے اور میاں صاحب ہی دلدل سے اسے نکال سکتے ہیں، میاں صاحب کی ڈیل پاکستان کے عوام کے ساتھ ہے، ان کی کسی اور کے ساتھ ڈیل نہیں۔
علاوہ ازیں ڈگری سے بھی قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی آمد کے لیے کارکنان کا قافلہ لاہور کے لیے روانہ ہوا۔
سینئر مسلم لیگ رہنما عاطف جمیل نے کہا کہ قائد نواز شریف کا بھرپور استقبال کریں گے۔
ہنگو سے بھی مسلم ن لیگ کا قافلہ نوازشریف کا استقبال کرنے کے لیے لاہور کے لیے روانہ ہو گیا۔
مسلم لیگ ن کے کارکنان کا کہنا ہے کہ قائد نواز شریف کی وطن واپسی ملکی ترقی کی ضمانت ہے، پوری قوم میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے، تاریخی استقبال میں عوام کا سمندر شامل ہو گا۔
اپنے قائد کے استقبال کے لیے رہنما مسلم لیگ ن عنیزہ فاطمہ نے نواز شریف کی تصویر والی 10 ہزار ٹی شرٹس بھی بنوائی ہیں۔
یہ ٹی شرٹس مسلم لیگ ن کے کارکنان میں تقسیم کی جائیں گی۔