نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے فلسطینی صدر محمود عباس سے فون پر رابطہ کیا ہے۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے محمود عباس سے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
انوارالحق کاکڑ نے فلسطینی صدر سے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی مظالم سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔
نگراں وزیراعظم نے اسرائیلی فوج کی الاہلی اسپتال پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری خونریزی روکنے کےلیے اسرائیل پر زور دے۔
دونوں رہنماؤں نے انسانی امداد کی فراہمی کیلئے غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ بحران کے حل کے لیے اقدامات کرے۔
نگراں وزیراعظم نے دو ریاستی حل پر مبنی تنازع فلسطین کے منصفانہ حل کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطینی عوام کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔