مسلم لیگ ن کی نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے اپنے والد، سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔
مریم نواز نے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر کی گئی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ میری زندگی کا شاید آج سب سے بڑا دن ہے، میں اللّٰہ ربّ العزت کی شکر گزار ہوں۔
انہوں نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جتنے دکھ اور تکالیف نواز شریف نے پچھلے 24 برسوں میں سہیں، شاید ہی اس کی کوئی مثال ہو اور ان کے کچھ زخم ایسے ہیں جو کبھی نہیں بھر پائیں گے مگر جتنے عروج بھی نواز شریف نے دیکھے وہ بھی شاید کسی اور کے حصے میں نہ آئے ہوں۔
مریم نواز شریف نے لکھا ہے کہ پاکستان آج نواز شریف کا ایک اور عروج دیکھنے جا رہا ہے، ان شاء اللّٰہ۔
مریم نواز شریف نے والد کے لیے پنجابی زبان میں لکھا ہے کہ ’آ جا تینوں اکھیاں اُڈیکدیاں‘ (آجائیں آپ کا آنکھوں کو انتظار ہے) خوش آمدید نواز شریف۔
میاں محمد نواز شریف کا طیارہ پاک سر زمین پر لینڈ کر گیا
ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد میاں نواز شریف کا طیارہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کر گیا۔
اسلام آباد دبئی کی پرواز کا دورانیہ 3 گھنٹے 5 منٹ ہے تاہم نواز شریف کا طیارہ وقت سے پہلے اسلام آباد پہنچ گیا۔
نواز شریف کے ہمراہ 148 مسافر خصوصی پرواز میں پاکستان آ رہے ہیں۔