پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو شفقت، صبر اور حوصلے کا استعارہ ہیں، انہوں نے پاکستان کی جمہوریت اور عوام کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کرنے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے بیگم نصرت بھٹو کی 12 ویں برسی پر اپنے پیغام میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادرِ جمہوریت عہد ساز شخصیت تھیں، جنہوں نے پاکستانی عوام کو حقِ حاکمیت واپس دلانے کے لیے ایک بدترین آمر کے خلاف تاریخی تحریک کی قیادت کی۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد، جب تک صحت نے ساتھ دیا، بیگم بھٹو عوامی حقوق کی لڑائی لڑتی رہیں اور ایک دن بھی چین سے نہیں بیٹھیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مادرِ جمہوریت کی جدوجہد ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے، وہ ہمارے دلوں اور تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم اسی جراَت، عزم و استقلال کے ساتھ عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے، جس طرح مادرِ جمہوریت نے جدوجہد کی تھی۔