• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن 10 نمبر میں نجی بینک کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں بینک کے قریب پولیس مقابلہ ہوا، جس میں ایک راہ گیر لڑکا ارسلان جاں بحق ہو گیا۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول ارسلان کی والدہ نے کہا کہ میرا بیٹا اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے کے لیے گھر سے نکلا تھا، پتہ چلا ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے میرے بیٹے کو مار دیا ہے۔

والدہ نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ بیٹے نے کہا تھا کہ واپس کا آ کر ناشتہ کروں گا، اس شہر میں کوئی سننے والا نہیں ہے، میرا بیٹا گھر کا سہارا تھا، پولیس کچھ نہیں کر رہی۔

مقتول کی والدہ کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے 10ہزار روپے کے لیے میرے بیٹے کی جان لے لی۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے کے عینی شاہد نے بتایا کہ فائرنگ کی آواز سنی تو بینک کے باہر پہنچا، ارسلان کے پیٹ میں گولی لگی تھی اور وہ تڑپ رہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو نجی بینک کے باہر شہریوں کو لوٹنے کی نیت سے کھڑے تھے، پولیس اہلکاروں نے ملزمان کو روکا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی۔

پولیس حکام کے مطابق پولیس اہلکاروں نے بھی ملزمان پر جوابی فائرنگ کی، تاہم مسلح ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار  ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید