نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ان کا انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ انتخابی گہما گہمی شروع ہو گئی ہے لگتا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا جلد اعلان ہو جائے گا۔
اسلام آباد میں نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دے گا۔
حالیہ دورۂ چین کو مثبت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پُرعزم ہے کہ حالیہ ملاقات کے بعد سی پیک کا تسلسل جاری رکھے گا۔
نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ چینی میڈیا میں ہمیں بہت بہتر کوریج ملی ہے، پاکستان میں کوئی بھی حکومت ہو چین سے ملاقات میں تسلسل اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چین نے کشمیر پر ہمارے مؤقف کی حمایت کی، چین میں روس، کینیا اور دیگر ممالک کے سربراہان سے ملاقات ہوئی۔
انوارالحق کاکڑ نے بتایا کہ کینیا کے صدر سے ارشد شریف کے قتل کیس پر بھی بات ہوئی، کینیا صدر نے یقین دہانی کرائی کہ قتل کیس کی کافی حد تک انویسٹی گیشن ہو چکی ہے جو انویسٹی گیشن رہتی ہے وہ بھی مکمل ہو گی۔
نگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ مختلف ممالک کی قیادت کے ساتھ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حیرانی ہوئی کہ اورومچی دنیا کے جدید ترین شہروں میں سے ایک ہے، چین اور پاکستان میں ایک دوسرے کے علاقوں سے متعلق معلومات کا تبادلہ ہونا چاہیے۔
نگراں وزیرِ اعظم نے یہ بھی بتایا کہ چین سے 20 کے قریب مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں، ہم یہاں سے غیر قانونی مقیم افراد کو ان کے ملکوں میں واپس بھیج رہے ہیں۔