• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر قانونی بھرتی کیس: پرویز الہٰی کا 2 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور

پرویز الہٰی-----فائل فوٹو
پرویز الہٰی-----فائل فوٹو

لاہور کی ضلع کچہری نے پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بدعنوانی کے کیس میں سابق وزیرِ اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کا 2 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

 پرویز الہٰی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بدعنوانی کے کیس کی سماعت ہوئی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے اینٹی کرپشن کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اینٹی کرپشن کی ٹیم نے چوہدری پرویز الہٰی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر آج عدالت میں پیش کیا۔

اینٹی کرپشن نے عدلت سے پرویز الہٰی کا 12 دن کا جسمانی ریمانڈ مانگتے ہوئے کہا کہ پرویز الہٰی سے مزید تفتیش درکار ہے، عدالت ریمانڈ فراہم کرے۔

پرویر الہٰی کے وکیل نے کہا کہ اینٹی کرپشن والے پرویز الہٰی کے گھر کب اور کتنے بجے گئے؟

جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ ضمنی میں سب کچھ تحریر کیا ہوا ہے۔

پرویز الہٰی کے وکیل نے کہا کہ مجھے ضمنی پڑھنے دی جائے، ضمنی کے مطابق پرویز الہٰی کو اینٹی کرپشن ٹیم لے کر ان کی رہائش گاہ گئی، پرویز الہٰی نےاپنے بیڈروم میں دراز سے 41 لاکھ روپے ریکور کروائے، ضمنی میں وقت کا ذکر نہیں اور نہ ہی تھانے سے روانگی کا ذکر کیا گیا ہے۔

پرویز الہٰی کے وکیل کی جسمانی ریمانڈ کی مخالفت 

پرویز الہٰی کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کر دی۔

وکیل نے کہا کہ پہلے جسمانی ریمانڈ کی درخواست میں پیسے ریکور کرنے کا ذکر نہیں تھا، درخواست میں نتائج میں جعل سازی کا الزام عائد کیا گیا تھا، 30، 40 لاکھ روپے کی رقم پرویز الہٰی کے لیے کچھ بھی نہیں، بھرتی کے لیے کسی امیدوار سے پیسے نہیں لیے گئے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے کہ پرویز الہٰی کے خلاف اینٹی کرپشن نے پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیوں کا مقدمہ درج کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید