معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کا بیٹا عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
ریجنل پولیس آفیسر ( آر پی او) ملتان سہیل چوہدری کا کہنا ہے کہ مولانا عاصم جمیل کے سینے پر گولی لگی ہے۔
آر پی او ملتان سہیل چوہدری نے بتایا کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے، مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
دوسری جانب اپنے بیان میں مولانا طارق جمیل کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل نے کہا کہ آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے۔
مولانا طارق جمیل نے کہا کہ اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ سب سے گزارش ہے کہ اس غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، اللّٰہ میرے فرزند کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مولانا طارق جمیل صاحب اور ان کے اہل خانہ سے جواں سال فرزند عاصم جمیل کی وفات پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس حادثے پر ہم سب آپ کے غم میں شریک ہیں۔ یقیناً یہ ایک ناقابل برداشت غم ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں طارق جمیل کے ساتھ ہیں۔ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او ملتان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ شواہد اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔