پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کا جو آئینی کام ہے روز مرہ کے امور دیکھے، حاضر سروس افسران کو تعینات کرنے سے اجتناب کیا جائے۔
سینیٹ کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے باہر اختر مینگل نے دھرنا دیا ہے، ان کو پریس کلب بیٹھنا تھا لیکن نہیں بیٹھنے دیا گیا، دھرنا لاپتہ افراد اور ڈیتھ اسکواڈ سے متعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ داخلہ کی توجہ دلانا چاہتا ہوں، لاپتہ افراد کا مسئلہ جمہوری ممالک میں نہیں ہوتا، ایسا صرف اسرائیل کرتا ہے۔
رضا ربانی کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ مکمل ہو تو خفیہ ایجنسی کو کنٹرول کرنے کے لیے قانون سازی کرے۔
پی پی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ نگراں حکومت نے نیب اور نادرا میں حاضر سروس افسر کو تعینات کیا، اب پولی کلینک اور پمز میں حاضر سروس افسران کو تعینات کرنے کی خبریں ہیں، یہ تقرری الیکشن ایکٹ کے تحت نگراں حکومت نہیں کر سکتی۔