احتساب عدالت اسلام آباد میں رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنس کی سماعت پر راجہ پرویز اشرف عدالت کے سامنے پیش نہ ہوئے۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنس پر جج محمد بشیر نے سماعت کی۔
سماعت کے دوران احتساب عدالت نے دیگر ملزمان کی حاضری لگائی اور غیر حاضر ملزمان کو نوٹس جاری کیے۔
راجہ پرویز اشرف احتساب عدالت نہیں آئے، اِن کے وکیل ارشد تبریز عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت جج محمد بشیر نے وکیلِ صفائی سے استفسار کیا کہ راجہ پرویز اشرف کی درخواست بریت پر دلائل کیوں نہیں دیتے؟
وکیلِ صفائی نے کہا کہ دلائل اس لیے نہیں دے سکتے کیونکہ احتساب عدالت فیصلہ نہیں کرسکتی۔
جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ احتساب عدالت کیوں نہیں کر سکتی فیصلہ؟ سپریم کورٹ میں آئندہ کب سماعت ہے؟
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ابھی سپریم کورٹ کا پہلا تحریری فیصلہ بھی نہیں آیا۔
دوسری جانب وکیل صفائی ارشد تبریز نے عدالت کو بتایا کہ راجہ پرویزاشرف پر ریفرنس میں کرپشن کا الزام نہیں ہے۔
بعد ازاں عدالت نے راجہ پرویز اشرف کے خلاف کیس کی سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے آج راجہ پرویز اشرف کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا تھا۔
راجہ پرویز اشرف کے خلاف ریشماں، سمندری، نوڈیرو پاور پلانٹ ریفرنس دائر ہیں، راجہ پرویز اشرف کے خلاف ستیانا اور گلف پاور پلانٹ پراجیکٹس ریفرنس بھی دائر ہیں۔