• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایاز صادق کی نوابزادہ لشکری رئیسانی کو ن لیگ میں شمولیت کی دعوت

---اسکرین گریب
---اسکرین گریب

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سردار ایاز صادق نے سیاسی و قبائلی رہنما، سابق سینیٹر نوابزادہ لشکری رئیسانی کو ن لیگ میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

سردار ایاز صادق سیاسی رہنما نوابزادہ لشکری رئیسانی سے ملاقات کے لیے ساراوان ہاؤس کوئٹہ پہنچے۔

مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل اور جمال شاہ کاکڑ بھی سردار ایاز صادق کے ہمراہ تھے۔

ملاقات کے بعد سردار ایاز صادق نے نوابزادہ لشکری رئیسانی کے ہمراہ پریس کانفرنس بھی کی۔

لشکری رئیسانی کا ن لیگ کی دعوت پر خیر مقدم

پریس کانفرنس کے دوران ایاز صادق نے کہا کہ نوابزادہ لشکری رئیسانی اور ان کے خاندان کا نوازشریف اور شہبازشریف سے 50سال کا تعلق ہے، یہ رشتہ سیاست سے ہٹ کر نہ ختم ہونے والا ہے۔

سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ ہم نوابزادہ لشکری رئیسانی کو دعوت دینے آئے ہیں، آج میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز کی ہدایت پر نوابزادہ لشکری رئیسانی کی خدمت میں حاضر ہوا، انہیں مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے، اُنہوں نے اس دعوت کا خیر مقدم کیا ہے۔

ایاز صادق کا کہنا ہے کہ نوابزادہ لشکری رئیسانی نے صرف پاکستان کی بات کی، یہ ملک کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، انہوں نے بلوچستان کی محرومیوں اور مسائل پر بات کی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لشکری رئیسانی نے بلوچستان میں سرحدی اسمگلنگ پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

نوابزادہ لشکری رئیسانی نے کیا کہا؟

دوسری جانب پریس کانفرنس کے دوران نوابزادہ لشکری رئیسانی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کا پارٹی میں شمولیت کے لیے دعوت دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، ن لیگ میں شمولیت کی دعوت پر ساتھیوں سے مشاورت کریں گے۔

لشکری رئیسانی نے کہا کہ سردارایاز صادق سے بلوچستان کے لوگوں کے مسائل پر بات چیت ہوئی، بلوچستان کئی دہائیوں سے محرومیوں کا شکار ہے، کرپشن اور امن و امان کا مسئلہ ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ عام افراد کا سیاست میں عمل دخل ہو تاکہ محرومیوں کا ازالہ ہو، امید ہے اسمگلنگ مافیا دم توڑے گی اور عام لوگ ترقی کریں گے، بلوچستان کے لیے تاریخی، معاشی پیکیج مرتب کیا جائے۔

لشکری رئیسانی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے لوگ جو اربوں، کھربوں روپے کے وسائل کے مالک ہیں ان میں سے بیشتر خطِ غربت کے نیچے زندگی گزارتے ہیں،  سیاسی لوگوں کو مواقع ملنا چاہئیں تاکہ وہ صوبے کی مفاد میں کام کریں۔

لشکری رئیسانی سے مفید مذاکرات ہوئے: جعفر مندوخیل

صوبائی صدر ن لیگ جعفر مندوخیل نے اس موقع پر کہا کہ نوابزادہ لشکری رئیسانی سے ہمارے مفید مذاکرات ہوئے، امید ہے لشکری رئیسانی ہماری جماعت کا حصہ بنیں گے۔

ایاز صادق کا  الیکشن کی تاریخ دیے جانے کا خیر مقدم

بعد ازاں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سردار ایاز صادق نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ اچھی بات ہے کہ الیکشن سے متعلق پراسیس شروع ہو گیا ہے، الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، یہ فیصلہ انہوں نےسوچ سمجھ کر قانون کے دائرے میں کیا ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید