• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ایئر فورس ٹریننگ بیس میانوالی پر حملہ ناکام، 9 دہشتگرد ہلاک


پاکستان ایئر فورس ٹریننگ ایئر بیس میانوالی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران تمام 9 دہشت گرد مارے گئے، پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور ٹریننگ بیس میانوالی میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے دوران 3 غیر آپریشنل طیاروں کو کچھ نقصان پہنچا، آپریشن کا فوری اور پیشہ ورانہ اختتام امن دشمنوں کے لیے یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں اور کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 3 دہشت گردوں کو ایئر بیس میں داخلے سے پہلے ہی ہلاک کیا گیا جبکہ باقی 3 دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا تھا جس کے بعد جوانوں نے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا اور کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاک فوج ہر قیمت پر ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔

پاک فوج کو خراجِ تحسین

نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میانوالی ایئر بیس پر دہشت گرد حملے کو ناکام بنانے پر بہادر سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حملہ ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کے جوان قوم کے ہیرو ہیں۔

علاوہ ازیں سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی میانوالی ٹریننگ ایئر بیس پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری سیکیورٹی فورسز بہادری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا رہی ہیں، سیکیورٹی فورسز کے افسر اور جوان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید