سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پی اے ایف ٹریننگ بیس میانوالی پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی گئی ہے۔
آصف زرداری نے پی اے ایف ٹریننگ بیس میانوالی پردہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کے منصوبے کو خاک میں ملا دیا، پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک نفرت کی دیواریں کھڑی کرنے والوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی، پیپلز پارٹی کی وفاق کو جوڑنے، انتہا پسندی کے خاتمے کی سوچ دہشت گردی کے خلاف ایک مؤثر بیانیہ ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچے کچھے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم سے قوم کے حوصلےپست نہیں کر سکتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کیا ہے۔