تہران (اے ایف پی،جنگ نیوز) ایران میں ہزاروں مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں ریلیاں نکالیں۔ تہران میں سابق امریکی سفارت خانے کے سامنے جمع مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل مردہ بادکے نعرے لگائے۔ مظاہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے پتلے کے ساتھ ساتھ امریکہ اور اسرائیل کے جھنڈوں کو بھی نذر آتش کیا۔ سیاہ پوش خواتین نے اپنے ہاتھوں سے فتح کے نشانات بنائے جن پر فلسطینی پرچم پینٹ کئے گئے تھے۔ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باغر غالباف نے اسرائیل پر حماس کے 7 اکتوبر کے حملے کو ’’ایک اہم موڑ‘‘ قرار دیا جس نے ’’تاریخ بدل کر رکھ دی‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ امریکہ اور صہیونی حکومت (اسرائیل) کیا کرتی ہیں، الاقصیٰ فلڈ آپریشن کے بعد صورتحال واپس نہیں آئے گی جیسی وہ تھی۔برطانیہ ،فرانس ، اور جرمنی میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے فوری طورپر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔