پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں معیشت کو دوبارہ سے ٹھیک کریں گے، دوبارہ موقع ملا تو لوگوں کو ریلیف دینے کےلیے پوری کوشش کریں گے۔
لاہور کے علاقے مصری شاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ایجنڈے پر متحد ہونا چاہیے۔ معیشت کی گاڑی چلانے میں تمام جماعتوں کو زور لگانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو اسی وقت ریلیف مل سکتا ہے جب معیشت کا پہیہ چلے گا۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ انتخابات کے بعد جو بھی جماعت برسراقتدار آتی ہے اسے معاشی ایجنڈا پیش کرنا چاہیے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اس معاشی ایجنڈے کو کم ازکم 10 سال کا آئینی تحفظ حاصل ہونا چاہیے تاکہ پاکستان کی معاشی سمت متعین ہو، اصلاحات حاصل ہوں۔ پاکستان کی معیشت پھلے پھولے اور عام آدمی کو ریلیف ملے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دوبارہ موقع ملا تو ملک کے حالات پھر ٹھیک کریں گے، سیاسی جماعتوں کو سیاسی میدان میں کردار ادا کرنے کا حق ہے۔
انکا کہنا تھا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کے تقاضے کچھ اور ہیں، کسی نے قوم کے پیسے لوٹے ہیں تو اسکو حساب دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کیسز جھوٹے ہیں، انتقامی کارروائی ہے، اللّٰہ تعالیٰ نے چاہا تو ہم سرخرو ہوں گے۔
انکا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں معیشت کو دوبارہ سے ٹھیک کریں گے، دوبارہ موقع ملا تو لوگوں کو ریلیف دینے کےلیے پوری کوشش کریں گے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ فلسطین میں جنگ بندی کا اعلان ہونا چاہیے، فلسطین میں ظلم کی جو داستان رقم کی جارہی ہے اسے فوری بند ہوناچاہیے۔