پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں واضح پیغام دے دیا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کو ہی ووٹ دیں گے، پیپلز پارٹی نے نواز شریف کو پاکستان میں ویلکم کیا۔
شرجیل میمن نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں کامیابی حاصل کی، ہر صبح ایک صاحب پریس کانفرنس کرتے کہ دھاندلی ہو رہی ہے، آج وہ بھی کچھ نہیں کہہ پا رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ جو روز دھاندلی کا رونا روتے تھے اب وہ دھاندلی کا الزام بھی نہیں لگا پا رہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ پی پی نے ترقیاتی کام کروائے، سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں جو کام کیا پاکستان میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف ہمیشہ سے پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، ایک پارٹی پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے، مشکل وقت میں ملک کے ساتھ حقیقی طور پر ہمیشہ پیپلز پارٹی کھڑی رہی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ میانوالی ایئر بیس پر حملہ بزدلانہ کارروائی تھی، فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بر وقت 9 دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا، دشمن چاہتا ہے کہ ہمارے ملک میں امن کی فضا برقرار نہ رہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہر جماعت نے ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کی لیکن پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے ملک کھپے کا نعرہ لگایا، ان کی فتح کبھی نہیں ہو گی جنہوں نے پاکستان کے خلاف سازش کی، امید کی صرف ایک ہی کرن پیپلز پارٹی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے جو کہتی ہے سب کو جوڑ کر چلیں، اس لیے جو بھی نئے اتحاد بن رہے ہیں، وہ کوئی بڑی بات نہیں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ چیئرمین صاحب کہہ چکے ہیں کہ ہمیں کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کلین سوئپ کرے گی چاہے کوئی کتنے ہی دعوے کر لے اور بڑے بڑے جلسے کر لے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک جماعت الیکشن لڑنے سے گھبرا رہی ہے، الیکشن میں مزید تاخیر چاہتی ہے لیکن پیپلز پارٹی کہتی ہے کہ کل الیکشن کرواؤ یا پھر آج الیکشن کرواؤ، ہم تیار ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ آصف زرداری سی پیک کے خالق تھے اور ملک کو ایٹمی طاقت بھی آپ نے نہیں بنایا بلکہ شہید ذوالفقار بھٹو نے ایٹمی طاقت بنایا تو کسی اور کے کارنامے اپنے سر نہ لیں۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ ملک مزید تقسیم اور لڑائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہمیں اب بھی امید نہیں ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کا اتحاد بن رہا ہے، پیپلز پارٹی کے خلاف تمام پارٹیوں کے اتحاد کو ویلکم کریں گے، الیکشن میں فتح 11، 11 سال جیل کاٹنے والوں کی ہو گی۔
اُنہوں نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ کون الیکشن سے بھاگ رہا ہے، ڈر رہا ہے اور کون الیکشن کی طرف جا رہا ہے، پیپلز پارٹی جلد از جلد الیکشن چاہتی ہے اور ہم اچھی انتخابی مہم چلائیں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ اگلے وزیرِ اعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے اور پیپلز پارٹی ہارس ٹریڈنگ اور گالم گلوچ کی سیاست نہیں کرے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ پیپلز ہارٹی نے نواز شریف کو پاکستان میں ویلکم کیا، فیصلہ عوام نے کرنا ہے، عوام دیکھیں گے ملک کے لیے جدوجہد کس نے کی، پاکستان کے لیے پیپلز پارٹی نے تاریخی فیصلے کیے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو واحد وزیر خارجہ تھے جنہوں نے بچر آف کشمیر کی بات کی، بھارت میں بلاول بھٹو کے سر کی قیمت رکھی گئی، سر کی قیمت رکھے جانے کے باوجود بلاول بھٹو بھارت گئے اور پاکستان کا کیس لڑا۔
اُنہوں نے کہا کہ جو اسکیمیں پاس ہو چکی ہیں وہ رکی ہوئی ہیں، الیکشن کمیشن کو ترقیاتی اسکیموں پر کام نہیں روکنا چاہیے، ہمارے دور میں شروع ہونے والے ترقیاتی کاموں کو الیکشن کمیشن کو نہیں روکنا چاہیے، ڈیپارٹمنٹ کے بجٹ روک کر لوگوں کو تکلیف نہیں دے سکتے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عام انتخابات میں ملک بھر میں پیپلز پارٹی کی تاریخی فتح ہو گی۔
اُنہوں نے فلسطین میں معصوم لوگوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بم باری کی مذمت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی اور پوری دنیا فلسطین کے ساتھ کھڑی ہے، اگر آج ذوالفقار بھٹو ہوتے تو فلسطین میں اتنی بربریت نہیں ہوتی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہمارا دنیا سے مطالبہ ہے کہ اسرائیلی مظالم کو فوری بند کیا جائے، پاکستانی حکومت ہر فورم پر مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دے۔