امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تہران میں ایرانی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ لاہور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سراج الحق نے تہران میں مجمع التقریب آیۃ اللّٰہ شہر یاری اور ادارہ دفاع ازملت آیت اللّٰہ رحیمیان سے ملاقات کی۔
سراج الحق نے ایرانی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت سے مسلمان زیادہ توقعات رکھتے ہیں۔ اسلامی دنیا کے حکمران فلسطینیوں کی مدد نہیں کریں گے تو امت اور تاریخ ان کا احتساب کرے گی۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ حکومتوں کی خاموشی مسلمان عوام کے غیض و غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔
سراج الحق نے ایرانی رہنماؤں سے ملاقات میں تجویز دی کہ او آئی سی ممالک کا سربراہی اجلاس بلایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بیانات اور قراردادوں کی بجائے غزہ کو بچانے کےلیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
سراج الحق نے کہا کہ امام خمینیؒ اور سید مودودیؒ نے اسلامی نظام کے قیام اور امت کو فرقہ واریت سے بچانے کی جدوجہد کی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فلسطین کی آزادی کےلیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔