• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین پی ٹی آئی نیب کیس میں سپریم کورٹ میں پیش ہونا چاہتے ہیں: بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر----فائل فوٹو
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر----فائل فوٹو

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم نیب کیس میں سپریم کورٹ میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چیئرمین تحریکِ انصاف نے نوٹس کی کاپی پر تحریر کیا کہ سپریم کورٹ میں پیش ہونا ہے، انہوں نے لکھا ہے کہ سپریم کورٹ میں پیش ہونے سے متعلق انتظامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں نیب سے متعلق کیس چل رہا ہے، نیب کیس میں حکومت نے اپیل داخل کی ہے، آج جیلر کی جانب سے نیب کیس کے نوٹس کی کاپی پہنچائی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی نے لکھا ہے کہ سپریم کورٹ کو جو انتظامات کرنے ہیں وہ کر لے، مجھے یقین ہے کہ سپریم کورٹ اس کے انتظامات کروائے گی۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ دیکھتے ہیں کہ اگلی پیشی پرسپریم کورٹ کیا انتظامات کراتی ہے۔

اس سے قبل اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے نواز شریف ہمیشہ امپائر کو ساتھ ملا کر کھیلتے ہیں، اس بار ان کی کوشش ہے کہ ہماری پوری ٹیم کو کھیلنے ہی نہ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن، سپریم کورٹ سمیت متعلقہ ادراوں سے لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کرتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے بڑھتی دہشت گردی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، وہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے نیب ترامیم کے سلسلے میں خود پیش ہونے کا کہا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے پر الیکشن متنازع ہو جائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید