گلگت بلتستان کےصوبائی وزیرِ داخلہ شمس الحق لون کا کہنا ہے کہ وی آئی پی سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شمس الحق لون نے صوبائی کابینہ کے پانچویں اجلاس سے متعلق پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ گلگت بلتستان میں 1095 پولیس جوان وی آئی پی سیکیورٹی پر تعینات ہیں، وی آئی پی سیکیورٹی سے امن و امان قائم رکھنے کے لیے اہلکاروں کی کمی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ 450 جوانوں کو وی آئی پی سیکیورٹی سے واپس لیں گے۔
اس موقع پر وزیرِ خزانہ محمد اسماعیل نے بتایا کہ اب آئندہ گریڈ 17 سے اوپر کے ملازمین کو رعایتی نرخوں پر گندم نہیں ملے گی، گندم کی قیمت 5200 روپے فی بوری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم دسمبر سے ہو گا۔
اس حوالے سے مشیرِ اطلاعات ایمان شاہ نے بتایا کہ تعمیراتی اداروں میں شیڈول ریٹ 2022ء نافذ کرنے کی منظوری دی گئی اور ویسٹ مینجمنٹ کے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔