پیپلز پارٹی کے سینیٹر میاں رضا ربانی کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف اسٹاف کو حق نہیں کہ سفیروں سے ملاقات کر کے دو خود مختار ریاستوں کے درمیان وعدوں کی جانچ کرے۔
سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے بیان میں آئی ایم ایف اسٹاف کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ شرم ناک اور افسوس ناک ہے کہ نگراں حکومت کی ساکھ اس قدر گر گئی ہے کہ آئی ایم ایف کا مقامی اسٹاف مختلف ممالک کے سفیروں سے یقین دہانی مانگ رہا ہے۔
رضا ربانی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے ان ملکوں سے یقین دہانی لی جا رہی ہے جنہوں نے پاکستان کی مالی مدد کا وعدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ اس ریاست جیسا سلوک کر رہا ہے جس پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔
رضا ربانی نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے پاکستان میں اسٹاف کو حق نہیں کہ وہ یو اے ای کے سفیر سے ملاقات کرے اور دو خود مختار ریاستوں کے درمیان وعدوں کی جانچ کرے۔
انہوں نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آئی ایم ایف سے ملاقاتوں کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کرے۔