چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی سے تنہائی میں ملاقات کی درخواست کسی اور بینچ میں مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل نے کہا ہے کہ ہمارے جتنے بھی کیسز آپ کے پاس مقرر ہوئے ان میں ایک طرح کے فیصلے آ رہے ہیں، استدعا ہے کہ ہمارے جتنے مقدمات اس بینچ میں ہیں انہیں کسی اور کو منتقل کیا جائے۔
اس پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ بالکل نامناسب بات کر رہے ہیں، ایسے نہ کریں، چلیں پھر اس کو دیکھ لیتے ہیں۔
بشریٰ بی بی کی استدعا پر عدالت نے بار کونسلز کو نوٹسز جاری کر دیے۔
عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ، سپریم کورٹ اور پاکستان بار کونسلز کو نوٹس جاری کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے شوہر سے تنہائی میں ملاقات کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔
بشریٰ بی بی نے یہ درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ عدالتی احکامات پر ہر منگل کو چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت ہے لیکن جیل حکام کی موجودگی میں ملاقات کے باعث گھریلو معاملات پر بات نہیں ہو پاتی۔
بشریٰ بی بی نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو میری شوہر سے تنہائی میں ملاقات کے لیے احکامات دیے جائیں۔