کراچی (اسٹاف رپورٹر) چوکرز ایک بار پھر کرکٹ ورلڈکپ فائنل میں جگہ نہ بنا سکے اور بڑے میچ میں چوک کر گئے۔ آسٹریلیا کے خلاف اچھی بولنگ بھی پہلی بار فائنل کھیلنے میں جگہ نہ دلاسکی ، ڈیوڈ ملر کی فائٹنگ سنچری بھی رائیگاں گئی۔ کئی کیچ ڈراپ ہونے سے جنوبی افریقا کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ پانچ بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے ایک بار پھر ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ایڈن گارڈنز میں دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کو دلچسپ مقابلے کے بعد تین وکٹ سے شکست دی۔ اتوار کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا اور بھارت کا فائنل کھیلا جائے گا۔ بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ میں لگاتار دس میچ جیت کر نا قابل شکست ہے۔ ٹریوس ہیڈ نے 62 رنز کی اننگز کھیلی ، جس میں 2 چھکے 9 چوکے شامل تھے۔ اسٹیو اسمتھ نے30 اور ڈیوڈ وارنر نے 29 رنز بنائے۔ جوش انگلش 28 ، مارنوس لبوشین 18 اور گلین میکسویل ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے ۔ میچ کا فیصلہ سولہ گیندیں پہلے ہوا۔ پیٹ کمنز 14اور اسٹارک 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے آسٹریلیا کو60 رنز کی مضبوط بنیاد فراہم کی ۔ ڈیوڈ وارنر18گیندوں پر29رنز بناکر مارکرم کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اگلے اوور میں ربادا نے مچل مارش کی وکٹ حاصل کرکے سنسنی پھیلا دی ۔ تبریز شمسی اور جیرالڈ کوئٹزے نے 2 ،2 اور کگیسو ربادا ، ایڈن مارکرم اور کیشو مہاراج کی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں ڈیوڈ ملر کی 5 چھکوں اور 8 چوکوں سے سجی 101 رنز کی اننگز کی بدولت پروٹیز ٹیم 200 رنز کا ہندسہ پار کرنے میں کامیاب رہی یہ ان کی چھٹی سنچری تھی۔ جنوبی افریقی ٹیم212 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ابر آلود موسم میں جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان پہلے اوور میں مچل اسٹارک کا شکار بنے۔ ورلڈ کپ میں چار سنچریاں بنانے والے کوئنٹن ڈی کوک صرف تین رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ابتدائی 10 اوورز میں جنوبی افریقا بیٹرز صرف 18 رنز بنا سکے۔ 22 کے ٹوٹل پر مچل اسٹارک نے ایڈن مرکرم جبکہ دوسرے اینڈ سے جوش ہیزل وڈ نے راسی وین ڈر ڈوسن کو آؤٹ کیا تو جنوبی افریقا کی ٹیم صرف 24 رنز پر چار وکٹوں سے محروم ہو چکی ہے۔ اسکور 44 تک پہنچا تو میچ بارش کی وجہ سے روکنا پڑا اور 40 سے 45 منٹ تک کھیل رکا رہا جلد اننگز کا دوبارہ آغاز ہو گیا۔ کلاسن اور ملر نے پانچویں وکٹ کیلئے 95 رنز جوڑے ، خطرناک ہوتی شراکت کو توڑنے کیلئے آسٹریلین کپتان ٹریوس ہیڈ کو لے کر آئے جن کا کلاسن نے لگاتار دو چکے لگا کر استقبال کیا۔ پیٹ کمنز نے 47 رنز بنانے والے کلاسن کو بولڈ کر دیا۔ جیرالڈ کوئٹزے کو آسٹریلین کمنز نے 19 رنز پویلین لوٹا کر ٹیم کو آٹھویں کامیابی دلائی ۔ کیشو مہاراج کی اننگز بھی 4 رنز پر تمام ہوئی۔