کراچی (نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک طرف ضلع کرم بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے،تو دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت صوبے سے لاپتا ہے۔
ضلع کرم میں تین دنوں کے دوران 80 شہری قتل ہوچکے ہیں، لوگ اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں ہیں، بدامنی کے دوران حکومت کا خاموش تماشائی بننا دہشت گردوں کا اتحادی بننے کے مترادف ہے، ضلع کرم سمیت پورے خیبرپختونخوا میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کریگی۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، لیکن پی ٹی آئی کی صوبائِی حکومت شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ثابت ہوچکی ہے۔ ضلع کرم میں پی ٹی آئی حکومت کی مجرمانہ غفلت کی مذمت کرتے ہیں۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہلاکتوں پر دل خون کے آنسو بہا رہا ہے، خیبرپختونخوا کو یوں بدامنی کی آگ میں جلتا نہیں دیکھ سکتے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخواہ کے گورنر فیصل کریم کنڈی سے بھی ضلع کرم کی صورتحال پر رپورٹ طلب کی ہے۔