کراچی(اسٹاف رپورٹر) ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم اتوار سے نسبتاً کمزور حریف زمبابوے کے خلاف اتوار کو تین ون ڈے انٹر نیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کوئینز کلببولاوایو میں کھیلے گی۔عاقب جاوید کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد پاکستانی ٹیم کا یہ پہلا اسائنمنٹ ہے ۔زمبابوے سیریز میں پاکستان نے تین اہم کرکٹرز بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم کو آرام دیا ہے جبکہ انکی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہےچیمپئینز ٹرافی سے قبل پاکستان کو زمبابوے کے خلاف سیریز سے قبل اپنے نوجوان کرکٹرز کو آزمانے کا موقع ملا ہے تاکہ انکی خوبیوں اور خامیوں کو جانچا جاسکے۔محمد رضوان نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی سیریز اب ماضی کا حصہ بن چکی ہے یہ سیریز آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ہم یہاں بھی جیت کے لئے پر امید ہیں ۔پاکستانی کپتان نے کہا کہ پاکستان ایک نوجوان ٹیم کے ساتھ یہاں آئی ہے اس لئے ہمیں کئی چیلنجوں کا سامنا ہے۔ہیڈ کوچ عاقب جاوید کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ رہے ہیں۔انہوں نے پچ بھی دیکھی ہے اور کہا ہے کہ آسٹریلیا والی چیزوں کو جاری رکھیں۔عاقب بھائی کے پاس 1992کا تجربہ ہے۔وہ شاہین شاہ،حارث روف کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔ان کی موجودگی میں بولروں کو فائدہ ہوگا۔محمد رضوان نے کہا کہ میں ڈومیسٹک کرکٹ ،کلب اور فرنچائز کرکٹ میں دو سال سے کپتانی کررہا ہوں۔پاکستان نے سیریز میںحارث روف اور محمد حسنین کے ساتھ شاہ نواز دھانی،احمد دانیال اور عامر جمال کو موقع دیا ہے جبکہ بیٹنگ لائن اپ میں طیب طاہر کو موقع مل سکتا ہے۔اسپنر ابرار احمد کے ساتھ نوجوان فیصل اکرم بھی ایکشن میں ہوں گے۔بیٹنگ لائن کا بوجھ محمد رضوان کے ساتھ صائم ایوب،عبداللہ شفیق،کامران غلام ،سلمان علی آغا،عرفان خان نیازی اورحسیب اللہ اٹھائیں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک62ون ڈے میچ ہوئے ہیں۔پاکستان نے54 اور زمبابوے نے پانچ میچ جیتے ہیں جبکہ دو میچ بے نتیجہ رہے ہیں۔