آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللّٰہ بن محمد حمید نے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ امام کعبہ کا دورہ پاکستان کے عوام کےلیے اعزاز کی بات ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان حرمین شریفین سے بےپناہ عقیدت رکھتے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان خادم حرمین شریفین کےلیے بےپناہ احترام رکھتے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امام کعبہ نے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا مذہب ہے۔ اسلام کی غلط تشریحات کی کوئی گنجائش نہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امام کعبہ نے غزہ تنازع میں فلسطینیوں پر جاری ظلم اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے خلاف مظالم کی مذمت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امام کعبہ نے فلسطینی اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مثالی تاریخی، مذہبی اورثقافتی تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا پاکستانیوں کے دلوں میں سعودی عرب کےلیے منفرد احترام ہے۔ آرمی چیف نے کہا دونوں برادر ممالک کے درمیان اتحاد پر مبنی مضبوط اسٹریٹجک تعلقات ہیں۔
اس موقع پر امام کعبہ نے امت کے امن، استحکام اور اتحاد کےلیے دعا کی۔