پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے سوال کیا ہے کہ بلاول نے اپنی پروفائل تصویر تبدیل کرکے کیا بغاوت کا اعلان کردیا؟
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بلاول نے پروفائل تصویر تبدیل کی یہ کوئی بڑی بات نہیں، یہ تصویر تو تبدیل ہوتی رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کا دبئی جانا معمول کی بات ہے، پی پی چیئرمین کل اور سابق صدر آصف زرداری آج دبئی چلے گئے ہیں۔
پی پی ترجمان نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو خفا نہیں جو آصف زرداری انہیں منانے جائیں، وہ تو پلان کے مطابق خیبرپختونخوا کا دورہ مکمل کرکے بیرون ملک گئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ 30 نومبر کو یوم تاسیس سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے، پی پی چیئرمین وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ والدین کےلیے بچے بڑے ہوجائیں تو بھی بچے ہی ہوتے ہیں، آصف زرداری صاحب نے انٹرویو کسی کے کہنے پر نہیں اپنی خواہش پر دیا۔
انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن کے بعد ن لیگ اور جے یو آئی حلف اٹھانے کےلیے تیار نہیں تھی، بلاول بھٹو نے انہیں منایا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنا کردار ادا کریں گے۔
پی پی ترجمان نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس بلاول بھٹو نے بلائی، پی ڈی ایم کی بنیاد رکھی، بلاول بھٹو پارٹی کے چیئرمین ہیں، پارٹی فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ٹرانسفر پوسٹنگ ن لیگ کے کہنے پر ہورہی ہیں، یہ ملک پر ایک اور لاڈلے کو مسلط کرنا چاہتے ہیں۔