• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی، فائر بریگیڈ کی رپورٹ جاری

کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آگ لگنے کے معاملے پر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے محکمہ فائر بریگیڈ نے رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 6 منزلہ شاپنگ سینٹر میں ایمرجنسی انخلاء کے راستے موجود نہیں تھے جبکہ حفاظتی اقدامات موجود نہیں تھے، حادثے کی صورت میں بیک اپ پر بجلی کا نظام بھی موجود نہیں تھا۔

فائر بریگیڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی میں بچاؤ کے راستوں کی نشاندہی کیلئے لائٹس موجود نہیں تھیں۔

رپورٹ میں کہا گیا  کہ آگ لگنے کے حادثے میں عمارت میں موجود 11 افراد لقمہ اجل بنے، 11 افراد آگ لگنے کی وجہ سے نہیں بلکہ دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے۔

شاپنگ مال میں 210 دکانیں تھیں جس میں بیشتر کو بچایا گیا تھا، 45 دفاتر کے ملازمین مال میں آگ کی وجہ سے پھنسے جنہیں ریسکیو کیا گیا، مال میں ہوا کی آمد و رفت کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے دھواں بھرا، شاپنگ مال میں 8 فائر ٹینڈرز نے آگ پر قابو پانے کیلئے کام کیا، آتشزدگی کی اطلاع فائر بریگیڈ کو صبح 6 بجکر 29 منٹ پر موصول ہوئی۔

واضح رہے کہ 24 نومبر کو کراچی میں راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آتشزدگی سے 11 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے تھے، جبکہ 40 سے زائد افراد کو فائر بریگیڈ اور امدادی اداروں نے ریسکیو کیا۔

نگراں وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ نے آتشزدگی کے واقعے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کی ہدایت کی تھی۔

قومی خبریں سے مزید