لاہور میں اکبر چوک فلائی اوور منصوبہ 10 ماہ کے بجائے7 ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل ہو گیا۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی آج اکبر چوک فلائی اوور کا افتتاح کریں گے جس کے بعد فلائی اوور کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
اکبر چوک فلائی اوور سے متعلق محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کالج روڈ، پیکو روڈ کے اطراف ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا، یومیہ تقریباً ڈھائی لاکھ گاڑیوں کو آمدورفت میں آسانی ہو گی، کالج روڈ کے ری ماڈلنگ منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ منصوبے میں تبدیلی کر کے قیمتی درختوں کو بچایا گیا ہے، منصوبے کے اطراف میں 300 نئے درخت بھی لگائے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ اکبر چوک پر 1.1 کلو میٹر کے 2 فلائی اوورز اور 10 پروٹیکٹیڈ یوٹرن بنائے گئے ہیں ،لاہور میں عام ٹریفک کے لیے بننے والے یہ سب سے طویل فلائی اوورز ہیں، منصوبے کی تکمیل سے وحدت روڈ تا پیکو روڈ سگنل فری کوریڈور بن گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی آج ڈیرہ غازی خان اور رحیم یار خان کا بھی دورہ کریں گے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب ڈیرہ غازی خان میں کارڈیالوجی اسپتال کا دورہ کریں گے۔
رحیم یار خان میں نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی شہید پولیس کانسٹیبل کی نمازِ جنازہ میں شرکت اور شیخ زید اسپتال رحیم یار خان کا دورہ کریں گے۔